استقبال رمضان پر خصوصی نشست
یونی ورسٹی آف سیالکوٹ میں 17 مارچ 2023ء کوعزت مآب ریحان یونس صاحب، چیئر مین جناب فیصل منظور صاحب کی سرپرستی اور خصوصی دلچسپی کے تحت استقبال رمضان پر خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں مہمان مقررمعروف مذہبی اسکالر ، مبلغ اسلام ، خطیب اور اینکر پرسن مولانا عمران بشیر صاحب تھے ۔ پروگرام کے موڈریٹر رجسٹرارجناب محمد یعقوب صاحب تھے، اس نشست میں تمام ڈینز ، ڈائیریکٹرز،صدور شعبہ جات ، اساتذہ کرام اورطلبا وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول سے کیا گیا۔
مولانا عمران بشیر صاحب نے رمضان المبارک کی اہمیت ، فضیلت ، فیض وبرکات پر روشنی ڈالتے ہوئے یہ واضح کرنے کی کوشش کی کہ کس طرح ہم اپنے اعمال اور عبادات کو پچھلے سال سے بہتر کر سکتے ہیں ؟ عصر حاضر کے چیلنجز کا کس طرح سے کامیابی سے مقابلہ کیا جا سکتا ہے! اسلام دین فطرت ہے جو ہمیں مکمل ضابطہ حیات پیش کرتا ہے۔ روزہ صرف بھوک پیاس اور عبادات کر لینے کا نام نہیں بلکہ روزہ ہمیں ضبط نفس کی ایک ماہ پریکٹس کر کے گناہوں سے خود کو بچانا سکھاتا ہے۔ یہ تقویٰ کے ساتھ ایک پاکیزہ زندگی گزارنے کے ساتھ ساتھ دوسروں کے ساتھ حسن سلوک اور ہمدردی و خوش اخلاقی کا درس بھی دیتا ہے ۔ آج مسلمانوں کے زوال اور پستی کی وجہ یہ ہے کہ ہم مادہ پرست ہو کر انسانیت و آدمیت بھول گئے دلوں سے خوف خدا ختم ہو گیا نفسا نفسی کا عالم ہے ۔ظاہر پرستی نے ہمیں اندر سے روحانی طور پر کھوکھلا کر دیا ۔ وطن عزیز پاکستان اور پوری ملت اسلامیہ کو جن مسائل کا سامنا ہے اس کا حل صرف اور صرف قرآن و سنت پر عمل پیرا ہو کر اللہ کے بتائے ہوئے راہ پر چلنے میں ہے، جس کی بہترین تیاری کے لیے اللہ نے رمضان المبارک کا مہینہ منتخب کیا جس میں ہمیں رب کے حکم کے مطابق زندگی گزارنے کی پریکٹس کروائی جاتی ہے۔ آخر میں اجتماعی دعا بھی کی گئی جس میں رمضان کے فیوض وبرکات سے مستفید ہونے کے ساتھ ساتھ ملک و ملت کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔